ہے اور کیا جو میں کروں قربان یا رسولؐ

ہے اور کیا جو میں کروں قربان یا رسولؐ
لے دے کے میرے پاس ہے اک جان یا رسولؐ

اللہ کی بنائی ہوئی کائنات پر
صرف آپ کا ہے آپؐ کا احسان یا رسولؐ

روشن رہیں گے آپ کی توصیف کے چراغ
ہو گانہ میرا گھر کبھی ویران یا رسولؐ

توصیف آپؐ کی میں کروں کس زبان سے
مدحت سرا ہے آپؐ کا قرآن یا رسولؐ

اسلام دشمنوں کے ہیں نرغے میں آج کل
دنیا میں جس قدر ہیں مسلمان یا رسولؐ

اللہ سے دعا ہے کہ توفیق دے ہمیں
ہم کو بھی ہے مدینے کا ارمان یا رسولؐ

وہ جتنا چاہیں ناز کریں اپنے آپ پر
جو بن گئے آپؐ کے مہمان یا رسولؐ

کوئی نہیں ہے آپؐ کی سیرت سے رابطہ
ہم آپ سے بہت ہیں پشیمان یا رسولؐ

جب تک نہ آپؐ آئیں گے میدانِ حشر میں
بخشش کا بھی نہیں کوئی امکان یا رسولؐ

شامل ہے ان میں کیا کسی اعجازؔ کا بھی نام
ہمیں آپؐ کے بہت سے ثنا خوان یا رسولؐ