جز مصطفیؐ کی ذات کوئی اور تو نہیں

جز مصطفیؐ کی ذات کوئی اور تو نہیں
محبوبؐ کائنات کوئی اور تو نہیں

جو ہوگئی رسولؐ کے قدموں سے منسلک
ایسی رہ نجات کوئی اور تو نہیں

معراجِ مصطفیؐ سے جو منسوب رات ہے
ایسی حسین رات کوئی اور تو نہیں

اللہ کے حبیبؐ سے بہتر جہان میں
تاحدِّ ممکنات کوئی اور تو نہیں

ان کے سوا کہ جن کو ہے نسبت رسولؐ سے
آسودۂ حیات کوئی اور تو نہیں

بتلا دیا رسولؐ نے اللہ کے سوا
حلاّلِ مشکلات کوئی اور تو نہیں

نکلی ہے جو رسولؐ خدا کی زبان سے
اس سے عظیم بات کوئی اور تو نہیں

جو چاہے جتنی چاہے بجھا لے وہ اپنی پیاس
دریائے التفات کوئی اور تو نہیں

اعجازؔ معجزہ ہے یہ خلقِ رسولؐ کا
ممدوحِ کائنات کوئی اور تو نہیں