چلو مدینے چلو مدینے

چلو مدینے چلو مدینے

حیات کے سیکھنے قرینے
تمام چاک اپنے دل کے سینے
جلا کے نفرت کے سب سفینے
پیام بھیجا ہے یہ نبیؐ نے

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے

وہاں نئی زندگی ملے گی
نگاہ کو روشنی ملے گی
دلوں کو تابندگی ملے گی
جو چیز مانگو وہی ملے گی

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے

دیارِ خیر الانامؐ دیکھو
ہر ایک اعلیٰ مقام دیکھو
بہارِ حسنِ دوام دیکھو
وہ نور کے صبح و شام دیکھو

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے

انا کا نشہ اتارنے کو
خرد کے گیسو سنوارنے کو
حیات اپنی گزارنے کو
خدا کو اپنے پکارنے کو

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے

قدم قدم پر سکوں ملے گا
خرد بداماں جنوں ملے گا
شکتہ دامِ فسوں ملے گا
عظیم سوزِ دروں ملے گا

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے

چراغِ فکر و نظر جلانے
نصیب کو اپنے جگمگانے
عقیدتوں کے گہر لٹانے
نبیؐ کو نعتِ نبیؐ سنانے

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے

سخن کی پرواز چاہتے ہو
اچھوتا انداز چاہتے ہو
خدا سے اعزاز چاہتے ہو
اگر تم اعجازؔ چاہتے ہو

چلو مدینے چلو مدینے
چلو مدینے چلو مدینے