دنیا میں کس سے پوچھیے عظمت رسولؐ کی

دنیا میں کس سے پوچھیے عظمت رسولؐ کی
قرآن دے رہا ہے بشارت رسولؐ کی

رکھتا ہے جو بھی دل میں محبت رسولؐ کی
حاصل اسی کو ہوگی شفاعت رسول کی

موجود ہیں بشر کی ہدایت کے واسطے
اللہ کی کتاب، شریعت رسولؐ کی

لازم ہیں دونوں چیزیں مسلمان کے لیے
رب کی عبادت اور اطاعت رسولؐ کی

ایمان بھی ملا ہمیں قرآن بھی ملا
دولت ہر اک ملی ہے بدولت رسولؐ کی

سرکٹ رہیں آج بھی نام رسولؐ پر
ہے آج بھی دلوں پہ حکومت رسولؐ کی

طاعت بھی ہم پہ فرض، حفاظت بھی فرض ہے
اسلام دوستو! ہے امانت رسولؐ کی

ہو جائے گا بری وہ عدالت سے حشر میں
جو پیش کر سکے گا ضمانت رسولؐ کی

اللہ کے جلال سے محشر میں دیکھنا
لوگو! ہمیں بچائے گی رحمت رسولؐ کی

سرکارؐ آ رہے ہیں شفاعت کے واسطے
صدیوں سے منتظر تھی قیامت رسولؐ کی

اس سے حسیں نہیں ہے کوئی اور زاویہ
قرآں نے پیش کی ہے جو صورت رسولؐ کی

اعجازؔ ہیں فضول یہ دعوے زبان کے
منسوب ہے عمل سے محبت رسولؐ کی