کون ہوگا آپ سے اچھا حضورؐ

کون ہوگا آپ سے اچھا حضورؐ
آپ پر قرآن ہے اُترا حضورؐ

ہم غلام ابنِ غلام ابنِ غلام
اور ہیں آقاؤں کے آقا حضورؐ

کوئی بھی جس کی نہیں ہے انتہا
آپ کی رحمت ہے وہ دریا حضورؐ

ہیں تو انساں اور بھی اچھے بہت
ہے مگر کون آپ سے اچھا حضورؐ

جس پہ چلنے سے نہیں بھٹکا کوئی
صرف ہے صرف آپ کا رستا حضورؐ

آپؐ نے دشمن پہ بھی احساں کیا
آپؐ نے سب کا بھرم رکھا حضورؐ

آپ ہیں محبوبؐ رب، شاہ اُمم
کوئی دنیا میں نہیں ایسا حضورؐ

ہم کو جو کچھ بھی دیا اللہ نے
ہے یہ سب کچھ آپ کا صدقہ حضورؐ

اب نہ رف رف ہے نہ جبریلؑ و براق
پیشِ رب صرف آپ ہیں تنہا حضورؐ

ہر کوئی کردار اپنا دیکھ لے
آپ کی سیرت ہے آئینہ حضورؐ

آپؐ ہی کو ڈھونڈتا ہے ہر طرف
حشر میں اعجازؔ ہے تنہا حضورؐ