خدا تم کو سدا زندہ رکھے گا

خدا تم کو سدا زندہ رکھے گا
یہ عشقِ مصطفیؐ زندہ رکھے گا

ہر اک قول و عمل کو مصطفیؐ کے
قیامت تک خدا زندہ رکھے گا

مثالِ کہکشاں ہر رہگزر کو
نبیؐ کا نقشِ پا زندہ رکھے گا

نئیؐ کے راستے میں جان دے دو
تمہیں یہ راستا زندہ رکھے گا

چلو مل کر کریں ذکرِ محمدؐ
ہمیں یہ مشغلہ زندہ رکھے گا

جو راہِ مصطفیؐ پر چل رہے ہیں
انہیں ربِّ عُلا زندہ رکھے گا

یہ وعدہ ہے خدا کا مصطفیؐ سے
شہیدوں کو سدا زندہ رکھے گا

مری سوچوں کا ہے محور مدینہ
مجھے جذبہ مرا زندہ رکھے گا

دعا مانگو ولادت کی یہ شب ہے
تمہیں یہ رت جگا زندہ رکھے گا

حیات و موت کا مالک خدا ہے
کسی کو کوئی کیا زندہ رکھے گا

گلِ مدحت نہ مرجھائیں گے اعجازؔ
انہیں گنبد ہرا زندہ رکھے گا