جانبِ عرشِ اعظم نبیؐ کا سفر

جانبِ عرشِ اعظم نبیؐ کا سفر
روشنی کی طرف روشنی کا سفر

سوئے خیر البشرؐ آدمی کا سفر
زندگی کی طرف زندگی کا سفر

!پیرویٔ رسول خدا دوستو
یہ سفر ہے سلامت روی کا سفر

یہ جو لب پر ہمارے ہے ذکرِ نبیؐ
جانبِ علم ہے آگہی کا سفر

کون تھا جانب عرشِ اعظم رواں
ایک شب رک گیا وقت ہی کا سفر

عظمتیں مل گئیں اس کو دارین کی
جس نے طے کر لیا عاجزی کا سفر

در پہ ساقیٔ کوثرؐ کے ہم آگئے
ختم ہو کر رہا تشنگی کا سفر

ڈھنگ جینے کے آقاؐ نے سکھلا دیے
کوئی آسان تھا زندگی کا سفر

نعتِ سرکارؐ اعجاز لکھتے رہو
رک نہ جائے کہیں شاعری کا سفر