چراغِ علم جلاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

چراغِ علم جلاتے تھے گفتگو سے رسولؐ
نشانِ جہل مٹاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

جناں کی راہ دکھاتے تھے گفتگو سے رسولؐ
خزاں میں پھول کھلاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

دلوں کی پیاس بجھاتے تھے گفتگو سے رسولؐ
یمِ خلوص بہاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

جہاں چراغ گھروں کے بجھائے جاتے تھے
وہاں چراغ جلاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

مٹھاس لہجے کی فردوسِ گوش تھی گویا
سماعتوں کو جگاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

دلوں کو کرتے تھے تسخیر باتوں باتوں میں
شعورِ زیست سکھاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

قدم قدم پہ تھی تنبیہ اہلِ ایماں کو
برائیوں سے بچاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

کرم سے، لطف سے مایوسیاں بدلتے تھے
متاع زیست لٹاتے تھے گفتگو سے رسولؐ

اندھیرے ذہنوں سے اعجازؔ دور کرتے تھے
دیے سخن کے جلاتے تھے گفتگو سے رسولؐ