راستے خلد کے سب شاہ امم آپؐ کے ہیں

راستے خلد کے سب شاہ امم آپؐ کے ہیں
رہنمائی کے لیے نقشِ قدم آپؐ کے ہیں

بات بن جائے جو مل جائے غلامی کی سند
ہم تو سرکارؐ یہ کہتے ہیں کہ ہم آپؐ کے ہیں

درگزر کرنا خطا اور دعائیں دینا
صرف اور صرف یہ انداز کرم آپؐ کے ہیں

آپ نے عدل کے انصاف کی بنیاد رکھی
فیصل جتنے ہیں سارے ہی اہم آپؐ کے ہیں

ہم تو کرتے ہیں ادا حقِ غلامی سرکارؐ
ورنہ اوصاف تو قرآں میں رقم آپؐ کے ہیں

آپؐ آجائیں تو مل جائے ہر اک غم سے نجات
منتظر کب سے مرے دیدۂ نم آپؐ کے ہیں

نام اعجازؔ بھی فہرست میں شامل کرلیں
ورنہ مدّاح بہت اہلِ قلم آپؐ کے ہیں