کوئی بیاں کرے گا کیا شان مصطفیؐ کی

کوئی بیاں کرے گا کیا شان مصطفیؐ کی
توصیف کر رہا ہے قرآن مصطفیؐ کی

جو بات بھی زباں سے فرمائی مصطفیؐ نے
وہ بات بن گئی ہے پہچان مصطفیؐ کی

آقاؐ کی عظمتوں کا چرچا یونہی رہے گا
محفل کبھی نہ ہوگی ویران مصطفیؐ کی

اُن کے لیے ہے مشکل جو دُور ہیں عمل سے
ہے پیروی بہت ہی آسان مصطفیؐ کی

الفت کا ہے تقاضا قربان ان پہ کردوں
یہ دل ہے مصطفیؐ کا یہ جان مصطفیؐ کی

بہتر ہے پچھلی ساعت سے آنے والی ساعت
عظمت بڑھا رہا ہے رحمان مصطفیؐ کی

ان کے بغیر کوئی لمحہ نہیں مکمل
لازم ہے پیروی تو ہر آن مصطفیؐ کی

ایمان آدمی کا ہوتا نہیں ہے کامل
جب تک نہ دے گواہی ایمان مصطفیؐ کی

رحمت اُسے خدا کی محشر میں ڈھونڈ لے گی
رکھتا ہے جو محبت انسان مصطفیؐ کی

اعجازؔ نعت کا حق ہم کیا ادا کریں گے
لکھتے تھے نعت تو بس حسّانؓ مصطفیؐ کی