پیرویٔ نبیؐ جو کرتے ہیں

پیرویٔ نبیؐ جو کرتے ہیں
وہ جو کہتے ہیں کر گزرتے ہیں

رنگ ہم زندگی کے خاکے میں
اُسوۂ مصطفیٰؐ سے بھرتے ہیں

وہ اُجالوں کے ہیں سفیر کہ جو
اِتباعِ رسولؐ کرتے ہیں

نقشِ پائے رسولِ اکرمؐ کو
چاند سورج سلام کرتے ہیں

روز آتی ہے یاد طیبہ کی
روز آنکھوں کے جام بھرتے ہیں

رات یادِ حرم میں کٹتی ہے
ہجرِ طیبہ میں دن گزرتے ہیں

جذبۂ بدر جن میں ہوتا ہے
زندگی بھر جہاد کرتے ہیں

واقعی زندگی تو اُن کی ہے
نامِ سرکارؐ پر جو مرتے ہیں

جو نبیؐ کے غلام ہیں اعجازؔ
جز خدا کب کسی سے ڈرتے ہیں