بات جب تک آپؐ کی ہوتی نہیں

بات جب تک آپؐ کی ہوتی نہیں
ظلمتوں میں روشنی ہوتی نہیں

مل گیا ہے در رسولؐ اللہ کا
مجھ سے دریوزہ گری ہوتی نہیں

آپؐ اگر ہوتے نہ مقصودِ حیات
زندگی بھی زندگی ہوتی نہیں

خاک طیبہ جب تلک سر پہ نہ ہو
مستند دیوانگی ہوتی نہیں

گر نہ ہوتے آپؐ کے نقشِ قدم
خضرؑ سے بھی رہبری ہوتی نہیں

ہم گناہوں میں ملوث ہیں مگر
اُن کی رحمت میں کمی ہوتی نہیں

آپؐ اگر ہوتے نہ خلقت کا سبب
خلق کی صورت گری ہوتی نہیں

اور تو سب کام کر لیتے ہیں ہم
مصطفیٰؐ کی پیروی ہوتی نہیں

اپنا کام اعجازؔ ہے مدحِ رسولؐ
ہم سے مدحت غیر کی ہوتی نہیں