حسنِ شام و سحر محمدؐ ہیں

حسنِ شام و سحر محمدؐ ہیں
مرکزِ ہر نظر محمدؐ ہیں

انجمن انجمن ہے ذکر اُن کا
رہگزر رہگزر محمدؐ ہیں

ہے مسیحا کوئی کلیم کوئی
اور خیر البشرؐ محمدؐ ہیں

تابہ حدِ نظر اُجالا ہے
ذہن میں جلوہ گر محمدؐ ہیں

!مل گیا ہے ہمیں خدا یارو
ہم اُدھر ہیں جدھر محمدؐ ہیں

میں تو کچھ بھی نہیں ہوں اُن کے بغیر
میں دُعا ہوں اثر محمدؐ ہیں

دوست تو دوست دشمن پر بھی
مہرباں کس قدر محمدؐ ہیں

خضرؑ کی سمت کس لیے دیکھوں
خضرؑ کے راہبر محمدؐ ہیں

زنگ کرتے ہیں دُور جو دل کا
ایسے آئینہ گر محمدؐ ہیں

لوگ اچھے ہیں اور بھی اعجازؔ
سب سے اچھے مگر محمدؐ ہیں