مصطفیٰؐ پر جو قربان ہے

مصطفیٰؐ پر جو قربان ہے
واقعی وہ مسلمان ہے

اُس کی ہر بات ایمان ہے
گفتگو جس کی قرآن ہے

یہ محمدؐ کا احسان ہے
سر بلند آج انسان ہے

دشمنوں پر بھی اُن کا کرم
دوستوں پر بھی احسان ہے

اُسوۂ مصطفیٰؐ پر عمل
ایک مومن کی پہچان ہے

زندگی اُس کی ہے زندگی
مصطفیٰؐ کا جو مہمان ہے

دوستی چاہتی ہے عمل
جان دینا تو آسان ہے

جس کو محبوبؐ خالق کہے
سب سے اچھا وہ انسان ہے

طاعتِ مصطفیٰؐ سے گریز
اور جنت کا ارمان ہے

نعتِ احمدؐ ہے زادِ سفر
مختصر میرا سامان ہے