آپؐ پر قربان سب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

آپؐ پر قربان سب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے
آپؐ تو محبوب رب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

آپؐ تو اُمی لقب ہیں آپ کی کیا بات ہے
محسنِ علم و ادب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

آپؐ کی رحمت سے قائم ہے یہ نظمِ کائنات
آپؐ حسنِ روز و شب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

دشمنوں کے واسطے بھی بدعا کرتے نہیں
کس قدر شائستہ لب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

آپؐ نے سکھلا دیے ہیں سب کو جینے کے ہنر
رنج بھی وجہِ طرب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

مصطفیٰؐ، یاسین، طہٰ، رحمت للعالمین
آپؐ کے کیا کیا لقب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

آپؐ کو خالق بھی چاہے جان دے مخلوق بھی
آپؐ تو سب کی طلب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے

آپؐ سے اعجازؔ کو نسبت ہے یہ بھی کم نہیں
آپؐ تو عالی نسب ہیں آپؐ کی کیا بات ہے