سب کی جو ضرورت ہے

سب کی جو ضرورت ہے
مصطفیؐ کی رحمت ہے

ذاتِ سرورِؐ عالم
شاہکارِ قدرت ہے

مصطفی کی عظمت سے
اعتبارِ عظمت ہے

کائنات میں سب کچھ
آپؐ کی بدولت ہے

آپؐ کی ضرورت تھی
آپؐ کی ضرورت ہے

آپؐ جس کے مالک ہیں
اس کا نام جنت ہے

ہے درود ہونٹوں پر
دل چراغِ مدحت ہے

آپؐ کے بنا دنیا
کوچۂ ملامت ہے

مصطفیؐ کی ایک اک بات
منبعٔ بصیرت ہے

آپ کا کرم آقاؐ
خلد کی ضمانت ہے

آپؐ کے تکلّم سے
معتبر سماعت ہے

بے مثال صورت تھی
لاجواب سیرت ہے

دیکھ کر جمال ان کا
حیرتوں کو حیرت ہے

نعت گو ہوں میں اعجازؔ
میرا کام مدحت ہے