کب میں نے کہا شاہِ اُمم رب سے بڑے ہیں

کب میں نے کہا شاہِ اُمم رب سے بڑے ہیں
اللہ کی مخلوق میں وہ سب سے بڑے ہیں

کس منہ سے ہو توصیفِ شہنشاہِؐ رسالت
مدحت کے سب الفاظ مرے لب سے بڑے ہیں

ہر دور میں گزرے ہیں بہت بانیٔ مذہب
سرکار تو ہر بانیٔ مذہب سے بڑے ہیں

تاریخ کے اوراق بتانے سے ہیں قاصر
یہ پوچھیے اللہ سے وہ کب سے بڑے ہیں

کونین میں جتنے بھی بڑائی کے ہیں منصب
کیا وہ مرے سرکارؐ کے منصب سے بڑے ہیں

کونین میں جب کوئی نہ تھا صرف خدا تھا
سرکارؐ تو اعجازؔ مرے جب سے بڑے ہیں