یوں تو کٹنے کو کٹتی رہی زندگی

یوں تو کٹنے کو کٹتی رہی زندگی
جو مدینے میں گزری وہ تھی زندگی

اسوۂ مصطفیؐ نے بتایا ہمیں
زندگی روشنی، روشنی زندگی

ذکرِ خیرالبشرؐ لب پہ کیا آ گیا
مرتے مرتے مجھے مل گئی زندگی

تصور ملا ہم کو اسلام سے
زندگی بندگی، بندگی زندگی

سامنے ہوں اگر نقشِ پائے نبیؐ
ان پہ قربان کردوں ابھی زندگی

اسوۂ مصطفیؐ پر عمل جب کیا
زندگی ہوگئی واقعی زندگی

دیکھا روضہ تو دل سے یہ نکلی صدا
زندگی، زندگی، زندگی، زندگی

یہ تو طیبہ میں ہے اپنی اپنی طلب
موت مانگے کوئی اور کوئی زندگی

اسوۂ مصطفی، پر عمل تو کرو
خوشنما ہے بہت بعد کی زندگی

جو گزر جائے سرکارؐ کی یاد میں
زندگی ہے تو بس ہے وہی زندگی

مدحتِ مصطفیؐ کا یہ اعجاز ہے
آج اعجازؔ کو مل گئی زندگی