بہت سے ہیں جو شوق کوثر و تسنیم رکھتے ہیں

بہت سے ہیں جو شوق کوثر و تسنیم رکھتے ہیں
وہ کتنے لوگ ہیں جو دین کی تفہیم رکھتے ہیں

مسائل راہ میں ان کی کبھی حائل نہیں ہوتے
جو اپنے ذہن میں سرکارؐ کی تعلیم رکھتے ہیں

انہیں حق ہے کریں وہ حکمرانی سارے عالم پر
نبیؐ کے حکم پر جو خم سرِ تسلیم رکھتے ہیں

رسولؐ اللہ کے جو قلبِ اطہر پر ہوا نازل
ہم اپنے پاس وہ قرآن بے ترمیم رکھتے ہیں

انہیں اللہ نے دنیا میں عظمت سے نوازا ہے
رسولؐ محترم کی دل میں جو تعظیم رکھتے ہیں

گدائے کوچۂ سرکارؐ مفلس ہو نہیں سکتے
یہ اپنی دسترس میں کار ہفت اقلیم رکھتے ہیں

بھلائی کرتے ہیں سب سے وہ اچھے لوگ دنیا میں
نظر میں اپنی جو فی احسنِ تقویم رکھتے ہیں

نظر آتی ہے کعبے میں انہی کو حرمتِ کعبہ
جو زائر ساتھ اپنے فکرِ ابراہیمؑ رکھتے ہیں

سفر کرتے ہیں جو اعجازؔ قرآں کے اصولوں پر
یہی وہ لوگ ہیں جو عالمی تنظیم رکھتے ہیں