زندگانی کو وقفِ شریعت کرو

زندگانی کو وقفِ شریعت کرو
اپنے گھر سے اندھیروں کو رخصت کرو

دشمنوں کو بھی بڑھ کر لگاؤ گلے
مصطفیٰؐ کی طرح سب کی خدمت کرو

اپنی اولاد کو اچھی تعلیم دو
اپنے سرمائے کو بیش قیمت کرو

اپنے گھر کو بھی دیکھو بقولِ نبیؐ
اپنے ہمسائے کی بھی اعانت کرو

آبیاری کرو نخلِ ایمان کی
دھوپ کو سایۂ ابرِ رحمت کرو

تھام کر دامنِ سید الانبیاؐ
بندگانِ خدا کی قیادت کرو

تم زمانے کے محبوب بن جاؤ گے
اُس سراپا کرم سے محبت کرو

ہے نبی سے محبت کا دعویٰ اگر
پیش صورت نہیں اپنی سیرت کرو

چاہتے ہو جو کونین میں آبرو
سرورِ انبیاؐ کی اطاعت کرو

مانگ کر سایۂ دامنِ مصطفیٰؐ
اس جہنم کو اعجازؔ جنت کرو