کوئے خیرالبشرؐ تک آ پہنچے

کوئے خیرالبشرؐ تک آ پہنچے
شب کے مارے سحر تک آ پہنچے

آپؐ نے ایسی آگہی بخشی
بے خبر بھی خبر تک آ پہنچے

نقشِ پائے نبیؐ پہ ہم چل کر
آسمانِ ہنر تک آ پہنچے

اُن کو معراج ہو گئی حاصل
مصطفیٰؐ کے جو در تک آ پہنچے

ہے یہ معراجِ مصطفیٰؐ کا کرم
پائے انساں قمر تک آ پہنچے

سامنے مصطفیٰؐ کا روضہ ہے
روشنی کے نگر تک آ پہنچے

آپؐ کی ناخدائی کے صدقے
ساحلِ معتبر تک آ پہنچے

اُسوۂ مصطفیٰؐ کو اپناؤ
جب بھی الزام سر تک آ پہنچے

اُن کی رحمت کے سلسلے اعجازؔ
ہم گداؤں کے گھر تک آ پہنچے