پیرویٔ شہہِ حجاز کریں

پیرویٔ شہہِ حجاز کریں
دوست دشمن میں امتیاز کریں

مصطفیٰؐ نے کہا ہے رب کے حضور
اپنا دستِ طلب دراز کریں

یہ بھی اِرشاد ہے کہ پانچ پہر
دل سے پابندیٔ نماز کریں

اپنے ذاتی مفاد کی خاطر
دشمنوں سے نہ ساز باز کریں

جن سے بوئے نفاق آتی ہو
ایسی باتوں سے احتراز کریں

اِک امانت ہے یہ بقول نبیؐ
ہم نہ افشا کسی کا راز کریں

خلقِ سرکارؐ ہو تکلّم میں
جو کریں بات دلنواز کریں

دونوں عالم ہیں اُن کے صدقے میں
کیوں نہ ہم مصطفیٰؐ پہ ناز کریں

ہم تو اعجازؔ ان کے خادم ہیں
وہ جسے چاہیں سرفراز کریں