آپؐ کے دم سے یہ منظر ہیں رسولِؐ عربی

آپؐ کے دم سے یہ منظر ہیں رسولِؐ عربی
آپؐ تخلیق کا محور ہیں رسولِؐ عربی

قصرِ کونین کو اثبات حضور آپ سے ہے
آپؐ بنیاد کا پتھر ہیں رسولِؐ عربی

ساری اچھائیاں ختم آپؐ کے اوپر ہیں حضورؐ
سب اُصول آپؐ کے بہتر ہیں رسولِؐ عربی

میں گنہگار، سیہ کار، خطا کار سہی
آپ تو شافعِ محشر ہیں رسولِؐ عربی

تشنہ کاموں کو نہیں پیاس کی پروا کوئی
آپؐ رحمت کا سمندر ہیں رسولِؐ عربی

آپؐ کے در سے ذرا سا بھی تعلق ہے جنہیں
وہ دیے کتنے منّور ہیں رسولِؐ عربی

زیرِ محراب فروزاں ہیں جو سیرت کے چراغ
آج بھی برسرِ منبر ہیں رسولِؐ عربی

شرمساری سے بچا لیجیے محشر کی ہمیں
آج ہم آپؐ کے در پر ہیں رسولِؐ عربی

آپؐ کی شان میں اِک حرف نہیں لکھ سکتے
مجھ سے جتنے بھی سخنور ہیں رسولِؐ عربی

اُن کے اوصاف میں تحریر کروں کیا اعجازؔ
میرے اِمکان سے باہر ہیں رسولِؐ عربی