اُس نے انسان کی سچی تعریف کی

اُس نے انسان کی سچی تعریف کی
نعتِ خیر البشرؐ جس نے تصنیف کی

اُس کی مدحت کا حق ہو ادا کس طرح
وہ بشر جس کی خالق نے توصیف کی

اُس پہ لاکھوں درود اُس پہ لاکھوں سلام
دوسرے کے لیے جس نے تکلیف کی

آدمی کو نیا حوصلہ دے دیا
اُس نے ٹوٹے ہوئے دل کی تالیف کی

مخزنِ علم ہے وہ کتاب آج بھی
اُس نے قول و عمل سے جو تصنیف کی

آدمی کو لباسِ تمدن دیا
اُس نے بابِ جہالت میں تحریف کی

دے کے انسان کو درس اخلاق کا
زندگی کے مسائل میں تخفیف کی

اُس کو اعجازؔ اللہ نے داد دی
اُس کے محبوبؐ کی جس نے تعریف کی