صرف اِک رب ہے رب کے سوا کون ہے

صرف اِک رب ہے رب کے سوا کون ہے
دوستو اور مشکل کشا کون ہے

ذرّے ذرّے میں جلوہ نما کون ہے
آئینہ گر ہے کون، آئینہ کون ہے

آگ، پانی، ہوا، کس کی تخلیق ہیں
ہے جو خلاّقِ ارض و سما کون ہے

کس کے در کے ہیں محتاج شاہ و گدا
دونوں عالم کا فرمانروا کون ہے

بخش دیں جس نے انسان کو عظمتیں
دونوں عالم میں اُس سے بڑا کون ہے

تذکرہ کس کا ہے راحتِ قلب و جاں
ماورائے خرد کون تھا کون ہے

چاہتا ہے زیادہ جو ماں باپ سے
مہرباں ایسا رب کے سوا کون ہے

بے طلب بھر رہا ہے جو دستِ طلب
کر رہا ہے جو سب کچھ عطا کون ہے

وہ کسی اور سے مانگتے ہی نہیں
جانتے ہیں جو حاجت روا کون ہے

میں کسی در پہ کیوں جا کے سجدہ کروں
ہے خبر مجھ کو میرا خدا کون ہے

کس سے اعجازؔ سب مانگتے ہیں دعا
وہ جو سنتا ہے سب کی صدا کون ہے